اسلام آباد (پی ایم این)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں قیام امن کی سعودی عرب کی سفارتی کوششوں کو سراہا ہے۔
وہ سعودی عرب کے خارجہ امور کے وزیر مملکت عادل الجبیر سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد اور سعودی وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لئے گرمجوشی کے جذبات اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے لئے سعودی عرب کی مستقل اور غیرمتزلزل حمایت کو سراہا۔
جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان پر بھارت کے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی جن میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد بے گناہ شہری شہید ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔