اسلام آباد (پی ایم این)بھارتی جارحیت کا تاریخی اور فیصلہ کن جواب دینے پر یوم تشکر منانے اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مختلف شہروں اور قصبوں میں عوامی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ریلیوں میں شرکت کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔
فوجی جوانوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
شہریوں نے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ فتح کا جشن مناتے ہوئے قومی پرچم لہرایا اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔
ریلیوں کے شرکاء نے اس عظیم الشان فتح پر اللہ کا شکر ادا کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کے حق میں نعرے لگائے۔
پاکستان کی مسلح افواج کی بھارتی جارحیت کے خلاف تاریخی فتح پر راولپنڈی میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔
زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ریلی میں شرکت کی جو قومی پرچم لہرا رہے تھے اور مسلح افواج کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔
اطلاعات و نشریات کے پارلیمانی سیکرٹری دانیال چوہدری نے ریلی سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم ثابت قدمی سے مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے قوم کا غیرمتزلزل عزم دہرایا کہ مادروطن کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔