اسلام اباد (پی ایم این)امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے خلاف کسی قسم کی مہم جوئی ہوئی تو ہم بھرپور قوت سے اس کا جواب دیں گے ۔
امریکی ٹی وی چینل اے بی سی نیوز کی معروف اینکر پرسن کیئرافلپس کو دیئے گئے انٹرویو میں رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر پاکستان کا دو ٹوک موقف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم امن کے خواہاں ہیں تاہم اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں کشیدگی نہیں چاہتے لیکن اگر دو جوہری طاقتیں آمنے سامنے آئیں تو حالات کیا شکل اختیار کرتے ہیں اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
پاکستان کے سفیر نے کہا کہ ہماری معاشی ترقی امن کی متقاضی ہے لیکن ہم باوقار امن پر یقین رکھتے ہیں۔ پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارت کی جانب سے تاحال کسی قسم کا کوئی بھی ثبوت پاکستان یا دنیا کے سامنے نہیں رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی جارحانہ پالیسیوں، انتخابی مجبوریوں یا انتظامی کوتاہیوں کا بوجھ پاکستان پر نہیں ڈال سکتا۔ اگر سات لاکھ فوج کی موجودگی بھی مقبوضہ کشمیر میں امن کویقینی نہیں بنایا جاسکتا تو یہ بھارت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ گذشتہ سال پاکستان میں دہشت گردی کے تقریباً ایک ہزار واقعات پیش آئے۔ پاکستان نے دہشت گردی کی عالمی جنگ میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں اور اربوں ڈالر کا مالی نقصان اٹھایا ہے ۔