اسلام آباد (پی ایم این)پاکستان نے بھارت کیساتھ حالیہ جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرنے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
آج ایک بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی ادارے کے سربراہ کی اس رائے سے متفق ہے کہ یہ پیشرفت جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کی جانب ایک مثبت اقدام ہے۔
پاکستان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموںوکشمیر کے تنازع کا منصفانہ اور پرامن حل خطے میں دیرپا امن کیلئے ناگزیر ہے۔
دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور عالمی قانون کی بنیاد پر تعمیری اور نتیجہ خیز مذاکرات کے عزم پر بدستور قائم ہے تاکہ جنوبی ایشیا کے عوام کیلئے امن، سلامتی اور ترقی کو یقینی بنایا جائے۔