غیر قانونی غیرملکیوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(پی ایم این) حکومت نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہنے والے غیرملکی باشندوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ انسداد دہشتگردی اور ریاستی کمیٹیوں کو موثر بنانے کے بارے میں آج اسلام آباد میں ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیرداخلہ محسن نقوی نے کی۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ نادرا خروج کے مقامات پر کارروائی میں مدد دینے کیلئے اعدادوشمار کی براہ راست تصدیق کی سہولیات فراہم کریگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی اور صوبائی ایجنسوں اور اداروں کو چاہیے کہ دستاویزی نظام پر مکمل عملدرآمد اور ملک سے غیر قانونی افراد کے انخلاء کے لئے ملکر کام کریں۔

بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے بارے میں وزیرداخلہ نے کہا کہ وزارت توانائی اور صوبائی حکومتوں کو بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جارہی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون سے ایک سو بیالیس ارب روپے کی وصولی ہوئی ہے۔

اجلاس میں ناجائز تجاوزارت کے خلاف کارروائیوں اور پاکستان پورٹ اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ Digital Enforcement Station بنانے جارہے ہیں جبکہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر موثر نگرانی کیلئے انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم وضع کیا جارہا ہے۔