احسن اقبال کا پاکستان، ترکمانستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو حتمی شکل دینے پر زور

اسلام آباد(پی ایم این)وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے پاکستان، ترکمانستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا ہے تاکہ علاقائی روابط اور معاشی ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔

اسلام آباد میں ترکمانستان کیلئے پاکستان کی نامزد سفیر ڈاکٹر فریال لغاری سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی استعداد کار سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے اور درآمدی اور برآمدی خلاء کو کم کرنے پر زور دیا۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کی جامعات کے درمیان مختلف شعبوں میں طلبا کے تبادلے کے پروگرام کے آغاز پر بھی غور کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان دنیا کا فری لانسنگ کے حوالے سے چوتھا بڑا ملک ہے۔

انہوں نے ترکمانستان کو پاکستان کی آئی ٹی کی خدمات اور ڈیجیٹل مہارتوں کی فراہمی پر بھی زور دیا۔