اسلام آباد (پی ایم این)پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی سنگین خلاف ورزی اور غیرقانونی جارحیت کے تناظر میں پاکستان بھارت کو اپنی مرضی کے وقت ، جگہ اور انداز میں جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔
یہ بات نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے آج شام اسلام آباد میں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ سے خطاب کے دوران کہی۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ مسلسل اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے ذمہ دار ملک کے طورپر اب تک انتہائی صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کیا اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اپنے ردعمل کوسختی سے ملکی دفاع تک محدود رکھا۔
اسحق ڈار نے کہاکہ بھارت نے آج انتہائی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملے بڑھا دئیے ہیں اور پاکستانی حدود میں چار پروجیکٹالز فائر کئے۔
بھارت کی تازہ جارحیت کے حوالے سے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا پاکستان نے اب تک انتیس ڈرون مار گرائے ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کی طرف اڑ کر آنے والی اس کسی بھی چیز کی قریب سے نگرانی کی جارہی ہے اور انھیں نشانہ بنایا جائے گا ۔
انہوں نے کہاکہ بھارت ملک میں سیاسی مقاصد کیلئے جنگ کی فضا ء پیدا کرنے سے باز رہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان وقت اور جگہ کا تعین کرکے جواب دے گا ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ردعمل پوری دنیا دیکھے گی۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج انتہائی چوکس ہیں۔