پاکستان ، ایران مواصلاتی تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

تہران (پی ایم این) پاکستان اور ایران نے مواصلات کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

مفاہمت کی اس یادداشت پر تہران میں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کی شاہرائوں اور دیہی ترقی کی وزیر فرزانہ صادق اور وزیر مواصلات عبد العلیم خان نے دستخط کیے۔

فریقین نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کومزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

عبد العلیم خان نے پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے مذہبی’ ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا مشترکہ ثقافت روزمرہ کی زندگی اور روایات میں مماثلت کی عکاس ہے۔

وزیرمواصلات نے اس امید کا اظہارکیا کہ ای سی او پلیٹ فارم سے خطے کیلئے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیرFARZANEH SADEGH نے پاکستان کے مواصلاتی شعبے میں ہر ممکن تعاون پر آمادگی کا اظہار اور دوطرفہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لئے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس کے علاوہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور قازقستان ‘ ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے ٹرانسپورٹ کے درمیان اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔

بات چیت میں ہر متعلقہ ملک کے ساتھ باہمی تعاون بڑھانے اور محکمہ جاتی اقدامات کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔