رومانیہ کے سفیر کی منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی سے ملاقات، میڈیا کے شعبے میں تعاون کو تقویت دینے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (پی ایم این)پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوینیسکو نے جمعرات کو قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبے میں تعاون کو تقویت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

سفیر نے خبروں کے تبادلے کو فروغ دینے کے لئے’’اے پی پی‘‘ اور رومانیہ کے خبر رساں ادارے ”ایجر پریس” کے درمیان صحافیوں کے تبادلے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے موجودہ ڈیجیٹل دور میں جدید معلوماتی ذرائع کے موثر استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ایم ڈی’’ اے پی پی ‘‘اور رومانیہ کے سفیر نے کثیر الجہتی اشتراک کار سمیت میڈیا انڈسٹری میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خبروں کے تبادلے میں مزید اشتراک کار اور تعاون اور باہمی مفاد میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔