خیبرپختونخوا(پی ایم این) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی نے ملک میں قیامِ امن کے لئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور’’ بنیان مرصوص ‘‘جیسے آپریشنز نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیر بندہ سٹیڈیم میں پاکستان آرمی کے کامیاب آپریشن ’’بنیان مرصوص ‘‘کی خوشی میں منعقدہ نمائشی ہاکی میچ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
– Advertisement –
نمائشی میچ میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی دو ٹیمیں مدمقابل تھیں ، ملک میں امن و استحکام کی علامت کے طور پر منعقد کئے گئے اس میچ کا مقصد نہ صرف آپریشن’’ بنیان مرصوص ‘‘کی کامیابی کو خراج تحسین پیش کرنا تھا بلکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا بھی تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان آرمی نے ملک میں قیامِ امن کے لئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور’’ بنیان مرصوص ‘‘جیسے آپریشنز نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل امن، بھائی چارے اور یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں اور ایسے پروگرام نوجوان نسل کے لئے امید کی نئی کرن ہیں۔گورنر کے پی کے نے میچ کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے اور آرگنائزرز کو کامیاب ایونٹ منعقد کرنے پر مبارکباد دی۔