حکومت ملکی معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے، اویس لغاری

اسلام آباد (پی ایم این)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے برقی آلات کی مقامی سطح پر تیاری، پیداواری کمپنیوں کی کارکردگی اور تذویراتی سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کے پہلے پاور ایکوپمنٹ مینوفیکچرنگ ڈیش بورڈ کے اجراء کا اعلان کیا ہے۔

وڈیولنک کے ذریعے لاہور میں پاور سیکٹر پر قومی مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیش بورڈ شفافیت اور اعداد وشمارپر مبنی فیصلہ سازی کو فروغ دے گااور مقامی سطح پر اس کے حوالے سے پیش رفت کی نگرانی اور مستقبل کے مواقع کی نشاندہی کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کے ماڈل کو درآمدی انحصار سے برآمدات کے فروغ پر مبنی ترقی کی طرف منتقل کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدی صنعت کو انتہائی مسابقتی قیمتوں پر تقریباً سات ہزار میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہیں۔