پاکستان نے معاشی استحکام میں ناممکن کو ممکن بنایا:عالمی بنک

اسلام آباد (پی ایم این)عالمی بنک نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی استحکام کیلئے اپنے دانشمندانہ اقدامات سے ناممکن کو ممکن کردکھایا ہے۔

یہ بات عالمی بنک کی مینجنگ ڈائریکٹر آپریشنز Anna Bjerde نے آج(جمعرات) کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات میں کہی۔

Anna Bjerde نے معاشی شعبے میں پاکستان کی حالیہ کارکردگی اور استحکام کو مثالی قرار دیا۔

وفد کی سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت کے اعتراف میں عالمی بنک کے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کو دنیا میں پاکستان ماڈل کا نام دیا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بنک نے پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار اد اکیا ہے۔

انہوں نے کنٹری پارٹنر شپ کے لئے عالمی بنک کا شکریہ ادا کیا جس سے پاکستان میں بیس ارب ڈالر کی ترقیاتی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت عالمی بنک کی ترقیاتی سرمایہ کاری کے نتائج کے حصول کیلئے عملی اقدامات یقینی بنارہی ہے۔