بھارتی جارحیت پرموثر عسکری جواب نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت واضح کردی، وزیراعظم

اسلام آباد (پی ایم این)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت حالیہ مختصر ترین مگر انتہائی موثر ترین جنگ کو کبھی بھلا نہیں پائے گا ۔

انہوں نے یہ بات آج(جمعرات ) کو مظفرآباد میں حالیہ معرکہ حق میں شہید ہونے والوں کے ورثاء میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہم اپنے اتحاد ، جرات ،مندی اور ایمان کی بدولت اقتصادی ترقی اور فیصلہ کن فتح سے ہمکنار ہوںگے۔

انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا ۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کا بھارتی جارحیت کے خلاف نپا تلا مگر فوجی قوت سے بھرپور جواب تاریخ کے صفحات میں رقم ہوچکا ہے اور اس سے دنیا کے سامنے پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں ثابت ہوگئی ہیں۔

انہوں نے بھارت کے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے باعث پیداہونے والے حالیہ تنازعہ کاحوالہ دیتے ہوئے مسلح افواج اورآزاد جموں وکشمیر کے شہریوں کے غیر متزلزل حوصلے کی تعریف کی۔

شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان نے واقعے کی مکمل بین الاقوامی تحقیقات کی پیش کش کی تھی تاہم بھارت نے اس پیشکش کو قبول کرنے کی بجائے ، بہاولپور اور آزاد جموں وکشمیر پرحملے کردئیے جس کے نتیجے میں پینتیس افراد شہید اور پچپن زخمی ہوگئے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے فیصلہ کن جواب دیتے ہوئے بھارت کے رافیل اور مگ 29 سمیت چھ لڑاکا طیارے مار گرائے اور الفتح میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنا بھرپور دفاع کیا۔

وزیراعظم نے شرکا کو بتایا کہ حکومت نے شہدا کے ورثا اور زخمیوں کیلئے جامع امدادی پیکج کا اعلان کیاہے جس کے تحت شہدا کے ہرخاندان کو ایک ، ایک کروڑ روپے جبکہ ہرزخمی کو بیس سے پچاس لاکھ روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔