حکومت کاروباری سرگرمیاں برقرار رکھنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی،وزیرخزانہ

اسلام آباد (پی ایم این)وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت کاروباری سرگرمیوں کی مثبت رفتار برقرار رکھنے کیلئے ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے یہ بات آج(جمعرات ) کو اسلام آباد میں اوورسیز انوسٹیرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر یوسف حسین کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات میںکہی۔

وفد نے اپنے ایک حالیہ جائزہ کے نتائج پیش کئے جن میں پاکستان میں کاروبار میں مجموعی اعتماد میں نمایاں بہتری دکھائی گئی ہے۔

وزیرخزانہ نے کاروباری رجحان میں مثبت رجحان کا خیر مقدم کیا اور اسے ملکی معیشت میں استحکام کا ایک مضبوط اشاریہ قرار دیا۔

انہوں نے سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول برقرار رکھنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور حکومت کی جانب سے نجی شعبے کی ترقی اور طویل مدتی معاشی استحکام یقینی بنانے پر توجہ کی ضرورت پر زور دیا۔