کشمیر کا کوئی سوداممکن نہیں ، کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، 24 کروڑ پاکستانیوں کے بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

اسلام آباد(پی ایم این) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر کا کوئی بھی سوداممکن نہیں ، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ جمعرات کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، میں آج جو کچھ بھی ہوں اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہوں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے ، اساتذہ نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسلوں کو بتانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی، معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے گرا نہیں سکتی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں ، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا ۔

– Advertisement –

انہوں نے کہا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا ، چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہو چکا ہے، اب یہ ممکن نہیں رہا ، دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا ہوا ظلم اور تعصب پسندی ہے جبکہ کشمیر ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں ، ہم نے پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے قانون کے مطابق ، آئین کے تحت، بغیر کسی سیاسی دبائو، مالی اور ذاتی فائدے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں، جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اس کی نفی کریں ۔ شرکا نے سوال و جواب کے سیشن میں کہا کہ یہ جو محفوظ دھرتی ہے ، اس کے پیچھے وردی ہے، ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔