اسلام آباد میں سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف کریک ڈاؤن

اسلام آباد (پی ایم این)اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔

وزارت ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی کے میڈیا ترجمان محمد سلیم شیخ نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران بیکریوں، ہوٹلوں، پلاسٹک سپلائرز اور مقامی دکانداروں کا دورہ کیا تاکہ سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

ان کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیاء ضبط کی گئیں اور متعدد خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔

پاک ای پی اے کی ڈائریکٹر جنرل نازیہ زیب علی نے آئی سی ٹی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ کریک ڈاؤنز کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایجنسی سنگل یوز پلاسٹک آلودگی کے خلاف سخت موقف رکھتی ہے۔

نازیہ زیب علی نے واضح کیا کہ جو بھی اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حکومت کی سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ شہر کے قدرتی ماحول، عوامی صحت، اور نکاسی آب کے نظام کو لاحق خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔