اسلام آباد (پی ایم این)نائب وزیراعظم محمد اسحق ڈار نے کہا ہے کہ چین اور افغانستان کے ساتھ واضح معاہدہ ہوگیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی ،بلوچستان لبریشن آرمی اوردوسری دہشت گرد تنظیموں کو کسی بھی ملک کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں کرنے دی جائے گی۔
انہوں نے آج(جمعرات) کو اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کا چین کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب رہا اورپاکستان نے سفارتی ، سٹرٹیجک اور اقتصادی محاذوں پرنمایاں پیشرفت کی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تفصیلی اور اُمید افزا بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے ایک خطہ ایک شاہراہ پروگرام کے تحت کامیابی سے وسیع تعاون کی بنیاد رکھی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ چین نے پاکستان، افغانستان ، ازبکستان ریلوے منصوبے کیلئے مالی معاونت کے ارادے کا اظہار کیا ہے اور یہ علاقائی رابطے میں ایک اہم انقلابی قدم ثابت ہوگا۔
اسحق ڈار نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی ازبکستان اور افغانستان کو ایک لائحہ عمل کا مسودہ بھیجا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کیلئے سرمایہ کاری اور تعاون پرچین سے براہ راست بات ہوئی ہے جس نے مثبت جواب دیا ہے ۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ پشاور کابل ہائی وے اور ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے منصوبے سے وسط ایشیائی ممالک سے پاکستان کے روابط کو فروغ ملے گا اور ہماری کم استعمال شدہ بندرگاہوں کی تجارتی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ اس دورے میں چین اور افغانستان کے ساتھ خصوصاً پناہ گزینوں کے معاملات اور انسداددہشت گردی کے حوالے سے اہم فیصلے بھی ہوئے۔
اسحق ڈار نے یہ بات دہرائی کہ ہمارا عزم واضح ہے کہ ہم دہشت گردی کو آہنی ہاتھوں سے کچل دیںگے جیسا کہ ہم نے پہلے کیاتھا ۔
انہوں نے کہاکہ ہم تبت سمیت ون چائنہ پالیسی کی حمایت کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ چین کے عالمی ترقی کے وزیر اور سیینئر کمیونسٹ پارٹی رہنما نے ان کے وفد سے ملاقات کی اور مختلف عالمی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر کی تعریف کی۔