اسلام آباد (پی ایم این)وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے پاکستان میں بھارت کی حمایت سے ہونیوالی دہشت گردی کے خاتمے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے آج (بدھ) قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خضدار میں سکول بس پر حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔سرمایہ کاری بورڈ کے وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ دوسرے ارکان نے بھی خضدار میں سکول کے بچوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کاایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی ان تخریبی کارروائیوں سے خطے کے امن اور استحکام کو شدید خطرہ ہے اور عالمی برادری کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔
قومی اسمبلی کو آج (بدھ) بتایا گیا کہ پاکستانی طلبہ کے لئے بیرون ملک مزیدوظائف حاصل کرنے کیلئے مختلف ممالک سے بات چیت جاری ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کوبتایا کہ حکومت نے پاکستان کے تعلیمی شعبے کا معیار بڑھانے ، شمولیت اور بین الاقوامی معیار کے حصول کیلئے کئی ممالک سے فعال اشتراک عمل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت طلبہ اور اساتذہ کے وفود کے تبادلے کے پروگرام، مشترکہ تحقیقی اقدامات، پاکستانی طلبہ کے لئے وظائف اور پاکستانی یونیورسٹیوں میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹس کے قیام سمیت کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک میں صوبوں کے تعاون سے ایک مربوط تعلیمی نظام کے آغاز کیلئے آئندہ ماہ کے بعد بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ پارلیمانی سیکرٹری تجارت ذوالفقار علی خان نے ایوان کو بتایا کہ ٹیکسٹائل اورملبوسات کی برآمدات بڑھانے کیلئے رواں سال جولائی تک نئی ٹیکسٹائل پالیسی متعارف کرائی جائے گی۔ایوان کا اجلاس اب کل دن گیارہ بجے ہوگا۔