پاکستان، چین اور افغانستان کا انسداد دہشت گردی کے بارے میں مشترکہ عزم کااعادہ

اسلام آباد (پی ایم این) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحق ڈارنے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے آج بیجنگ میں سہ فریقی مذاکرات کئے۔

انہوں نے فروغ پذیر سفارتکاری، مواصلات کو مستحکم بنانے اور مشترکہ خوشحالی کے اہم پیمانوں تجارت ،انفراسٹرکچر اور ترقی کو فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔تینوں وزرا ئے خارجہ نے علاقائی سکیورٹی اور معاشی روابط کو فروغ دینے کے اہم پلیٹ فارم کے طور پر سہ فریقی تعاون کااعادہ کیا۔انہوں نے ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام ، تعاون کو مضبوط بنانے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کو افغانستان تک توسیع دینے سے اتفاق کیا۔ تینوں وزراء نے انسداد دہشت گردی اور خطے میں استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کے بارے میں اپنے مشترکہ عزم پر زور دیا۔