مخصوص نشستوں پر اپوزیشن اراکین کو حلف نہیں لینے دیں گے، علی امین گنڈاپور

پشاور (ویب ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیے ہیں

ادھر وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وہ صوبے میں مخصوص نشستوں پر اپوزیشن اراکین کو حلف نہیں لینے دیں گے۔

آج خیبرپختونخوا میں بھی سینیٹ انتخابات  ہونا تھے تاہم یہ معاملہ مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی کا حلف نہ لینے کے باعث متنازع ہو گیا تھا۔

اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ نے 27 مارچ میں کو سپیکر کے پی اسمبلی کو منتخب مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف لینے کا حکم دیا تھا تاہم سپیکر کی جانب سے نظر ثانی درخواست دائر کر دی گئی تھی۔

پشاور میں بات کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہماری سیٹیں کیسے اپوزیشن کو دی گئیں؟ آئین کے مطابق ان کا ہماری سیٹوں پر کوئی حق نہیں۔

علی امین گنڈاپور نے واضح کہا کہ اس صوبے کے اندر ہم مقابلہ کریں گے، آخری حد تک جائیں گے اور خواتین کی سیٹوں اور اقلیتوں کی سیٹوں، جن پر ہمارا حق ہے، پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اعلان کیا کہ  آئین کو توڑنے کی سزا آرٹیکل چھ میں سزائے موت ہے لیکن پھر بھی بار بار آئین ٹوٹ رہا ہے۔ ہم اس چیز کا حصہ نہیں بنیں گے۔