لاہور (پی ایم این/ویب ڈیسک)بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں جاری ہیں،قلعہ سیف اللہ میں آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا دہشت گرد کمانڈر عادل شاہ عرف درویش ہلاک ہوگیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عادل شاہ دسمبر 2020 سے فتنہ الخوارج سے وابستہ تھا، 2024 سے دہشت گرد گروہ کے مالی معاملات کی نگرانی کررہا تھا۔
ذرائع کےمطابق دہشتگرد کمانڈر غیرمقامی دہشت گردوں کو ژوب، شیرانی اور شعبان میں مستقل رہائش فراہم کرنےمیں مدد کرتا تھا، عادل شاہ 2022 اور 2023 سے سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور اغوا برائے تاوان کے لیے بھتہ خوری میں بھی ملوث رہا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عادل شاہ کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں 19 ایف آئی آرز درج تھیں، جبکہ اس کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

