نیویارک ((پی ایم این))پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں ان کی تفصیلی ملاقاتیں بہت مفید اور کامیاب رہیں۔
نیویارک میں پاکستانی سفارتخانے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کلیدی معاملات خصوصاً نئی دہلی کی جانب سے پانی بند کرنے کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو ہمدردی سے سنا گیا۔
بلاول نے بھارت کے ساتھ دہشت گردی سمیت تمام امور پر جامع مذاکرات کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر پاکستان کو سب سے زیادہ دہشت گردی اور اس کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔
بلاول بھٹو نے 1960کے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر گہری تشویش کااظہارکیا جسے پاکستان پانی کو ہتھیار کے طورپر استعمال کرنے کا ایک گھنائونا فعل اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کی خلاف ورزی تصور کرتا ہے۔