بلوچستان(پی ایم این)بلوچستان کے قبائلی عمائدین کے گرینڈ جرگہ نے متفقہ طور پر صوبے کی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت اور مسلح افواج کیساتھ کھڑے ہونے کا عزم کیا ہے۔
کوئٹہ میں ہونے والے جرگے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف نے مشترکہ طور پر خطاب کیا۔
جرگے کا اہتمام قبائلی قیادت کے ساتھ بات چیت کرنے اور بلوچستان میں سلامتی کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر غور کرنے کیلئے کیا گیا تھا جس میں بھارت کی طرف سے جاری پراکسی جنگ پر خصوصی طور پر توجہ مرکوز کی گئی۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم آلہ کاروںنے امن کی صورتحال خراب کرنے، صوبے کو غیر مستحکم کرنے اور حکومت پاکستان اور مسلح افواج کی زیر قیادت ترقیاتی اقدامات کو متاثر کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد گروہ مقامی لوگوں کی حمایت چاہتے ہیں جس سے انہیں انکار کرنا چاہیے۔
شہبازشریف نے عمائدین کی قیادت اور تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے نچلی سطح پر رابطے میں رہنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ دہشت گردوں کوچھپنے کی جگہ نہ ملے۔
انہوں نے حکومتی اقدامات کے عوام تک اثرات یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس بلوچستان میں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی اس طرح کی مذموم کوششیں ہرگز کامیاب نہیں ہوںگی۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج قوم اور بہادر بلوچ عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ ہماری خودمختاری کو چیلنج کرنے والے ملکی اور غیرملکی ہردشمن کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاک فوج کسی بھی خطرے کا فیصلہ کن جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔