اسلام آباد(پی ایم این) پاکستان نے بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلام مخالف واقعات پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارتی حکومت پر بارہا زور دیا ہے کہ وہ اپنے تمام شہریوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کو بلا امتیاز مذہب یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر، امتیازی سلوک اور ریاستی جبر کے ذریعے مسلمانوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی برادری کیلئے بھی باعث تشویش معاملہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ اب جبکہ صبر و برداشت اور مفاہمت کی اشد ضرورت ہے تو اس وقت دانستہ سیاسی یا نظریاتی مذہبی نفرتوں کو ہوا دی جا رہی ہے جو بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور اس سے مذہبی ہم آہنگی اور استحکام کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔