اسلام آباد (پی ایم این) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زور دے کر کہا ہے کہ پاکستان کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا اور دہشتگردی کیخلاف اس کی کوششوں سے توجہ ہٹانے کے مذموم عزائم کو مکمل طور پر شکست دی جائیگی۔
وہ کمانڈاینڈسٹاف کالج کوئٹہ کے دورے کے دوران طلبا ،افسران اور فیکلٹی سے خطاب کررہے تھے ۔
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی قیادت میں پاکستانی عوام بھارتی جارحیت کیخلاف مادر وطن کے دفاع کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن گئے ہیں۔
فیلڈمارشل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ معرکہ حق کی کامیابی ہمارے قومی عزم اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان مکمل ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیا اور بھارت کی طرف سے قانونی طور پر ناقابل برداشت آبی دہشتگردی کے خلاف خبردار کیا۔
پاکستان کے اندر دہشت گردی کی سرپرستی کرنے میں بھارت کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے فیلڈمارشل نے نئے عزم کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی مہم پر روشنی ڈالی۔