پاکستان اور عالمی بینک کا معیشت مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (پی ایم این)پاکستان اور عالمی بینک نے ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے اور تزویراتی شراکت داری کے ذریعے اجتماعی ترقی کو فروغ دینے کے باہمی عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

اس عزم کا اعادہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اورعالمی بینک کی پاکستانی ٹیم کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیاگیا ۔

پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان پائیدار تعلق کو اُجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے معیشت کے اہم شعبوں میں بینک کی فراخدلانہ مالی اور فنی مدد کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے حال ہی میں دستخط کئے گئے دس سالہ ملکی شراکت کے فریم ورک کو پاکستان کے اقتصادی سفر کا اہم حصہ قراردیا ۔

محمد اورنگزیب نے ملکی شراکت داری کے فریم ورک پرموثر عمل درآمد کی اہمیت پر زوردیا۔

وزیرخزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے حالیہ جائزے کی کامیابی سے تکمیل اور فنڈز کی فراہمی کی سہولت کے تحت ایک ارب ڈالر جاری کرنے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا ۔