رانا تنویر حسین نے بین الادارہ جاتی تعاون کے فروغ میں ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہا

اسلام آباد(پی ایم این)قومی تحفظ خوراک اور تحقیق کے وزیر رانا تنویر حسین نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ڈائریکٹر جنرل اسد الرحمن چیمہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں زرعی شعبے کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے وزارت اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

ملاقات میں فریقین نے زرعی شعبے کی مجموعی پیداوار بہتر بنانے اور کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے کیے گئے کئی اہم اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر نے اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے بین الادارہ جاتی تعاون کے فروغ میں کونسل کے کردار کو سراہا اور پالیسی اصلاحات کے نفاذ میں وزارت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ڈائریکٹر جنرل نے سٹرٹیجک سرمایہ کاری میں سہولت اور زرعی شعبے میں اقدامات کا بروقت نفاذ یقینی بنانے کے لئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے عزم کا اعادہ کیا۔