یوم تکبیر آج قومی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

اسلام آباد (پی ایم این)1998 ء میں آج کے دن پاکستان کی جانب سے کیے گئے جوہری تجربات کی یاد میں آج یوم تکبیر ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔آج عام تعطیل ہے۔اس دن پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت اور اپنے دفاعی ہتھیاروں میں ایٹمی ہتھیار رکھنے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا۔پاکستان کے جوہری پروگرام کے بانی ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی قیادت میں پاکستانی سائنسدانوں کی ٹیم نے بلوچستان کے ضلع چاغی کے راس کوہ پہاڑوں میں ایٹمی تجربات کئے۔

ان تجربات نے پاکستان کی علاقائی سا لمیت، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے قوم کے عزم کا اظہار کیا۔سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا یہ تاریخی بیان اس سنگ میل میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے کہ کہ وہ بھوک برداشت کر لیںگے لیکن ملک کو ایٹمی طاقت بنائیں گے۔بیرونی دباؤ کے باوجود اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے بھارت کے جوہری تجربات کے جواب میں پاکستانی جوہری تجربات کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا اور اس طرح خطے میں تذویراتی طاقت کاتوازن بحال کیا۔