وزیراعظم کا جنوبی ایشیا میں امن کیلئے کلیدی کردار پرامریکی صدر سے اظہار تشکر

اسلام آباد (پی ایم این) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قابل قدر پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ پر کہا کہ پاکستان اور امریکہ عشروں سے شراکت دار رہے ہیں اور اپنے باہمی مفادات کے تحفظ اور فروغ اور دنیاکے کشیدگی سے دوچارعلاقوںمیں امن و سلامتی کی بالادستی کے لئے مل کر کام کررہے ہیں۔

شہباز شریف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو ایک ایسا عظیم شراکت دار مل گیا ہے جو تزویراتی شراکت داری کو نئی جہت دے سکتا ہے بلکہ تعاون کے تمام شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ پاکستان اورامریکہ کے تعلقات کومزید مستحکم کرسکتاہے۔