اسلام آباد (پی ایم این) قومی اسمبلی میں آج ارکان پارلیمنٹ نے بھارتی جارحیت کا پوری طاقت سے منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ایک تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے اور عزم ظاہر کیا کہ پاکستان بھارتی حملے میں شہید بے گناہ شہریوں کے خون کا بدلہ لے گا۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا مودی حکومت کی سیاست کی بنیاد نفرت ہے اور وہ انسانیت کے دشمن کے طو ر پر اقدامات کررہی ہے۔ شاہدہ اختر نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے اور ہمیں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا پر بے نقاب کرنے کیلئے اپنی سفارتی کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔ ثمینہ گھرکی نے موجودہ صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں کے اتحاد اور یکجہتی کے مظاہرے کو سراہا۔شازیہ مری نے کہا کہ بھارتی جارحیت سے پاکستان میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔طاہر اقبال نے کہا کہ بھارت میں تمام اقلیتیں خصوصا مسلمان، سکھ اور عیسائی ظلم وستم کا شکار ہیں۔مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر مملکت کیسومل کھئیل داس نے پاکستان میں شہریوں اور مساجد پر بھارتی حملوں کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ ہندو اور عیسائی سمیت پاکستان کی تمام اقلیتیں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہیں۔ڈاکٹر رمیش کمار Malani نے کہا کہ پوری ہندو برادری وطن عزیز کے دفاع کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ڈاکٹر درشن نے کہاکہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کاارتکاب کیا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔