اسلام آباد (پی ایم این)ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ڈرونزبھیجنے کا عمل کھلی جارحیت ہے جو تاحال جاری ہے جبکہ پاکستان کی مسلح افواج انتہائی چوکس ہیں اور انہیں مار گرا رہی ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ سنگین اشتعال انگیزی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا چھ اور سات مئی کی رات کو بری طرح ناکام ہونے کے بعد اب ایسا لگتا ہے کہ بھارت بظاہر اپنے منصوبے میں ناکام ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت حقیقت پسندی سے کام لینے کی بجائے بھارتی حکومت کی حاکمانہ سوچ کی تشفی کیلئے حالات کو مزید خراب کررہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ عالمی برادری واضح طور پر دیکھ سکتی ہے کہ بھارت ایک ایسے خطے میں انتہائی اشتعال انگیز فوجی جارحیت کررہا ہے جو کہ انتہائی کمزور ہے اور وہ خطے او ر دیگر ممالک کی سکیورٹی کو شدید خطرات سے دوچار کررہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیارہیں۔