اسلام اباد (پی ایم این)وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی تاجروں پرزوردیا ہے کہ وہ پاکستانی برآمدات بڑھانے اور ملک میں اقتصادی ترقی کیلئے غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نےیہ بات جمعہ کے روز متحدہ عرب امارات میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی ۔
ترسیلات زر کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قابل قدر خدمات کی تعریف کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے متحدہ عرب امارات میں کمیونٹی سکولوں کے معیار اور سہولتوں میں اضافے کی ضرورت پر زوردیا ۔
انہوں نے قونصلر خدمات میں اضافہ کرنے کے حکومتی عزم کا اظہارکیا اور یقین دلایا کہ دبئی میں قونصل خانے کی عمارت کو توسیع دینے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیںگے۔
پاکستان بزنس کونسل دبئی کے چیئرمین شبیرمرچنٹ نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ براہ راست رابطے کا موقع فراہم کرنے کی تعریف کی ۔