اسلام اباد (پی ایم این)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی ڈیجیٹل معیشت میں بڑی تبدیلی کا آغاز کررہا ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سرکردہ کمپنیوں کے ایگزیکٹوز سے گفتگو کرتے ہوئے جو اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ فورم2025 میں شرکت کررہے ہیں انہوں نے ٹیکنالوجی، مالیات اور جدت کیلئے علاقائی مرکز بننے کے پاکستان کے ویژن کو اُجاگر کیا۔
وزیراعظم نے ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ فورم کے افتتاحی سیشن کے دوران پاکستان میں سترکروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے وعدوں کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان کی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے مندوبین کو جاری ریگولیٹری اصلاحات، مالیاتی مراعات او ر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سرمایہ کاری کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ایک دوسرے کے ساتھ طویل المیعاد اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے گلوبل آئی ٹی ایگزیکٹوز سے گفتگو کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس ایجوکیشن اقدامات کے شعبوں میں اشراک عمل کی حکومت کی دیرینہ خواہش کا اظہار کیا تاکہ نوجوانوں کو مستقبل میں ٹیکنالوجی کے ذریعے روز گار کے حصول کیلئے تیار کیا جاسکے۔