اسلام آباد(پی ایم این)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بھیجی گئی ترسیلات نے قومی معیشت اور زر مبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
خاندانی ترسیلات کے عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ایک ایسے دن کو منانے کیلئے شامل ہو رہا ہے جو تارکین وطن کی کلیدی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے وقف ہے جنہوں نے محنت سے کمائی ہوئی ترسیلات زر کے ذریعے وہاں کے ممالک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کی ترسیلات زر ہمیشہ سے ہماری قومی معیشت کا سنگ بنیاد رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی مالی امداد اپنے خاندانوں کے ساتھ نہ صرف محبت اور ذمہ داری کا اظہار ہے بلکہ یہ پاکستان کی معاشی لچک کو سہارا دینے کیلئے ایک طاقتور ستون بھی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر ہم اپنی عالمی پاکستانی برادری کودل سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی بھیجی گئی ترسیلات اپنے وطن کے ساتھ ایک پائیدار تعلق،اعتماد، عزم اور خاندانی ذمہ داری کی عکاس ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور برآمدات کا حجم بڑھانے کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے تاکہ طویل المدت معاشی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اب تک ریکارڈ چونتیس ارب نوے کروڑ ڈالر بھجوائے ہیںجوگزشتہ سال کے مقابلے میں 28.8 فیصد زیادہ ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اعتماد معیشت کی بحالی اور ترقی کیلئے کوششوں کو دوگنا کرنے کیلئے ہمارے عزم کو تقویت دیتا ہے۔