اسلام آباد(پی ایم این)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں ایک پائیدار اور جدید انفارمیشن اینڈ کمپیوٹر سسٹم تشکیل دیا جائے گا، جس سے پاکستان کو خطے میں آئی ٹی شعبے کے حوالے سے ہب بن کر ابھرنے میں مدد ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں آئی ٹی شعبے میں تربیتی پروگرامز کے ایکوسسٹم کی تشکیل کے حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی شعبے کے جدید تربیتی پروگرامز سے مقامی سطح پر تبدیلی کیلئے نوجوانوں کو تیار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی شعبے میں ایسی تربیت اور ہنر فراہم کئے جائیں، جس سے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی یقینی ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقامی کمپنیوں کو آئی ٹی شعبے کی با اختیار افرادی قوت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جس سے وہ بین الاقوامی تقاضوں کو پورا کر سکیں اور ملک میں زرمبادلہ لا سکیں۔