امریکہ(پی ایم این)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر رکوایا جائے اور جارح ملک کا احتساب کیا جائے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونسل اسرائیل کو کھلی چھوٹ اور استثنیٰ دینا ختم کرے جس کے نتیجے میں وہ ایران کے خلاف بین الاقوامی قوانین کے برعکس اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے میثاق کی شق اکاون کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ، شام، لبنان اور یمن میں اسرائیل کے اقدامات یکطرفہ فوجی طاقت کے استعمال کے جاری طرز عمل کی عکاسی کرتے ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل کی کھلم کھلا اشتعال انگیزی خطے کے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے اور ایران کا ہمسایہ ہونے کے ناطے پاکستان کو اس پر شدید تشویش ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان ایران کے جوہری مسئلے کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کا حامی ہے۔