بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ تعاون مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، ہائی کمشنر محمد اقبال حسین

لاہور(پی ایم این) پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کااظہار لاہور میں گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان سے ملاقات میں کیا ۔

ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان خصوصاً کھیلوں اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کی بڑی گنجائش موجود ہے ۔

گورنر پنجاب نے مذہب ، تاریخ اور ثقافت جیسی مشترکہ اقدار کی بنیاد پر بنگلہ دیش اور پاکستان کو برادر اسلامی ممالک قراردیتے ہوئے دونوں ممالک کے قریبی تعلق کو بھی اجاگر کیا ۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا اور امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت میں دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کا نیا باب رقم ہوگا ۔