وزیراعظم کا موسمیاتی تبدیلی کےمنفی اثرات کم کرنے کیلئے عالمی سطح پراقدامات بڑھانے پرزور

تاجکستان (پی ایم این)وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات بڑھانے پر زور دیا ہے۔

تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں گلیشیئرز کے تحفظ کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی یافتہ ممالک کو بغیر کسی تاخیر کے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مالی تعاون فراہم کرنے کے اپنے وعدوں کو پورا کرنا چاہئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ماحول دوست بنیادی ڈھانچے کیلئے مناسب فنڈنگ اور مالی خلا کو پُر کرنا ہمیشہ سے انتہائی اہم رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی انتباہی نظام موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کی تیاری و انتظام میں سرمایہ کاری کی جانی چاہئے۔

وزیراعظم نے لوگوں کی فلاح و بہبود یقینی بنانے اور پائیدار ماحول برقرار رکھنے کیلئے گلیشیرز کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان قطبی علاقے میں سب سے زیادہ گلیشیرز رکھنے والا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلیشیر زدریائے سندھ کے پانی کے بہائو کے نظام میں سالانہ تقریباً آدھا حصہ ڈالتے ہیں اور یہ ہماری تہذیب، ثقافت اور معیشت کی لائف لائن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے باعث گلیشیرز پگھلنے کی وجہ سے پہلے ہی خطرات سے دوچار ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ گلیشیرز کی حفاظت یقینی بنانے میں پاکستان سے زیادہ کسی اور ملک کا مفاد وابستہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ تسلیم کرنا چاہئے کہ پانی سیاسی حدوں، برادریوں کو جوڑنے، پائیدار ماحولیاتی نظام اور ثقافت سے بالاتر ہے۔

پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کو ایک اوچھا ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا یکطرفہ اور غیر قانونی فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریڈ لائن عبور نہیں کرنے دے گا۔