تاجکستان(پی ایم این) پاکستان اور تاجکستان نے جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تزویراتی تعاون کو دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے باہمی مفاد کی خاطر نئی بلندیوں پر پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
دوشنبے میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے درمیان دوطرفہ ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت دونوںطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تاریخ، ثقافت اور جغرافیہ پر مبنی موجودہ برادرانہ روابط مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سیاست،تجارت و معیشت، توانائی، دفاع، سلامتی اور علاقائی روابط سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا بھی جائزہ لیا۔
دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری کے امکانات پر توجہ دینے سمیت تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
CASA-1000 کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے علاقائی انضمام کیلئے اس منصوبے کو کلیدی اہمیت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اسے جلد از جلد فعال کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وسطی ایشیاء کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔