ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا، فیلڈ مارشل

اسلام آباد (پی ایم این) چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے اور چوبیس کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

وہ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز’ پرنسپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے بات چیت کررہے تھے۔ فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے کہا ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا’ پاکستان ‘ ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا۔

معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم ایک آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے گرا نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا کوئی سودا ممکن نہیں ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہوچکا ہے اب یہ ممکن نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں’ ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بناناہے جس میں تمام ادارے قانون کے مطابق ‘ آئین کے تحت بغیر کسی سیاسی دباؤ’ مال اور ذاتی فائدے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں۔