اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت بند کی جائے، برطانوی چیف جسٹس اورججز کا حکومت کو خط

لندن :(پی ایم این) لندن: سابق برطانوی چیف جسٹس سمیت 600 سے زائد وکلا، ججز اور قانونی ماہرین نے اپنی حکومت پر اسرائیل کو اسلحے کی فروخت بند کرنے کےلیے زور دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق قانونی شعبے سے تعلق رکھنے والے 600 سے زائد ججز اور بیرسٹرز نے وزیراعظم رشی سونک کو لکھے گئے 17 صفحات پر مشتمل خط میں کہا کہ اگر برطانیہ کی حکومت نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت نہ روکی تو اس کے نتیجے میں برطانیہ خود بھی غزہ میں نسل کشی کا مرتکب قرار پائے گا۔

انہوں نے لکھا کہ سرائیل کو فوجی امداد کی فراہمی کے نتیجے میں نہ صرف برطانیہ نسل کشی میں ملوث قرار پائے گا بلکہ بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب بھی ہو گا۔

اگرچہ برطانیہ سے زیادہ امریکا ، جرمنی اور اٹلی اسرائیل کو اسلحہ فروخت کرنے والے بڑے ممالک ہیں لیکن اگر برطانیہ پابندی لگادے تو اس سے اسرائیل پر سفارتی و سیاسی دباؤ میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت اسرائیل کے ساتھ موجودہ تجارتی معاہدے پر نظرثانی کرے، باہمی تعلقات کے روڈ میپ 2030 کو معطل کرے، اور ان اسرائیلی شخصیات پر پابندیاں عائد کرے جنہوں نے فلسطینیوں کی نسل کشی پر اکسانے والے بیانات دیے ہیں۔

واضح رہے خط لکھنے والوں میں سابق برطانوی چیف جسٹس لیڈی ہیل سمیت سپریم کورٹ کے تین ریٹائرڈ ججز شامل ہیں۔