راولپنڈی (پی ایم این/ویب ڈیسک)راولپنڈی میں قتل کی جانے والی حنا جاوید کے اہلخانہ نے تحقیقات کیلئےجوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
مقتولہ حنا جاوید کے اہلخانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خط لکھ کر تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے، خط کے متن کے مطابق پولیس انویسٹی گیشن کمیٹی کے نتائج مسترد کرتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب سے براہ راست رابطے کی متعدد کوششیں کیں، کامیابی نہیں ہوئی۔
فیملی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے قتل کیس کی فائل کا تفصیلی جائزہ لینے کی درخواست کرتے ہوئے خط لکھا ہے۔
خط کے متن میں درج ہے کہ گھریلو ملازم قتل میں ملوث ہے تاہم فیصل سے متعلق شواہد نظرانداز کیے جا رہے ہیں، مقدمہ عدالت جانے سے پہلے پولیس انویسٹی گیشن کمیٹی کسی کو مجرم یا بے گناہ قرار نہیں دے سکتی، ملزمان کو تحفظ نہ دیا جائے اور قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہےکہ قتل کیس کی تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئی، وہ حنا جاوید کے گھر والوں سے ملاقات کریں گی اور انصاف کی فراہمی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گی

