لاہور (پی ایم این/ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے فاؤنڈرز گروپ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ملکی معاشی صورتحال، تجارت کے فروغ اور کاروباری و صنعتی شعبوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ملکی معیشت کی ترقی اور استحکام میں کاروباری برادری کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے ساتھ مل کر معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔
ملاقات میں کاروبار اور صنعت کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔وفد نے وزیراعظم کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا۔
وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا۔گفتگو کے دوران وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے بطور صدر چیمبر ، چیمبر آف کامرس کے لئے خدمات کا بھی تذکرہ کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک بھی موجود تھے۔
چیمبر کے وفد میں میاں مصباح الرحمٰن، فاروق افتخار، شیخ محمد آصف، شہزاد ملک، الماس حیدر، شاہد حسن شیخ، عبدالباسط، میاں طارق مصباح، کاشف انور شیخ اور میاں خالد مصباح شامل تھے
