اسلام آباد (پی ایم این)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے فیصلے کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے مسلح تنازعات کے دوران آبی تحفظ کے بارے میں اریا فارمولا سے متعلق سلووینیا کی جانب سے بلائے گئے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عثمان جدون نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داریوں کی سختی سے پاسداری کرے اور پاکستان کے چوبیس کروڑ عوام کے لئے زندگی کی حیثیت رکھنے والے دریاؤں کا بہاؤ روکنے, ان کا رخ موڑنے یا انہیں محدود کرنے سے گریز کرے۔
عثمان جدون نے پانی کو سیاسی فوائد کیلئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے پر بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کسی بھی اقدام سے علاقائی امن اور سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔