ایران،عراق میں پاکستانی زائرین کے تحفظ کیلئےاقدامات کر رہے ہیں،نائب وزیراعظم

اسلام آباد(پی ایم این) نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال کی روشنی میں حکومت ایران اور عراق میں پاکستانی باشندوں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کررہی ہے۔

ایکس پر ایک بیان پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایران سے 450 پاکستانی زائرین کے انخلا میں سہولت دی گئی ہے اور ایران میں حال ہی میں مقیم پاکستانی طلباء کی بحفاظت واپسی کیلئے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ عراق میں پاکستانی سفارتخانہ فضائی حدود بند ہونے کے باعث پھنسے ہوئے پاکستانی زائرین سے رابطہ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراق میں ان کے محفوظ قیام اور ممکنہ انخلا کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزارت خارجہ میں کرائسس مینجمنٹ یونٹ دن رات کام کررہاہے اور اس سے ٹیلی فون نمبر92-51-9207887 پر رابطہ یاCMU1@MOFA.GOV.PK پر ای میل کرسکتے ہیں

نائب وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں ہمار ے سفارتخانے پاکستانی باشندوں اورزائرین سے تعاون کیلئے بھرپور اورتمام ضروری کوششیں کررہے ہیں۔