وزیراعظم دو روزہ دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے

تاجکستان(پی ایم این)وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے ہیں۔

دوشنبے ائیرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسولزادہ، تاجک نائب وزیر خارجہ شریفزادہ فرخ حمدین ، پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریفزادہ اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے وزیراعظم کا پر تپاک استقبال کیا۔

وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

دو روزہ دورہ تاجکستان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کریں گے جس میں وہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔

وزیراعظم جنوبی ایشیائی خطے میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی بھر پور حمایت پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کریں گے وزیراعظم گلیشیرز کے تحفظ کے بارے میں عالمی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے اور شرکا کو ماحولیاتی تبدیلی کے پاکستان پر اثرات اور ماحولیاتی تبدیلی سے تحفظ اور گلیشیرز کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔