اسلام آباد (پی ایم این)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن)کی دیرینہ کارکن ثمینہ قاسم کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے نماز جنازہ کے بعد مرحومہ کی قبر پر پھول نچھاور کئے اور پارٹی کے لئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر مرحومہ کے اہل خانہ، مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنمائوں اور کارکنان سے بھی ملاقات کی ۔
عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ ثمینہ قاسم مسلم لیگ (ن) کی ایک باوقار، نظریاتی اور متحرک کارکن تھیں، انہوں نے پارٹی کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں اور مرحومہ ایک محب وطن پاکستانی تھیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ثمینہ قاسم نے اپنے انتقال سے چند گھنٹے قبل بلوچستان کے ضلع خضدار میں پیش آنے والے سانحہ پر بھی سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی یہ پوسٹ سماجی و قومی شعور اور ملک سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ثمینہ قاسم کا انتقال پارٹی کے لئے بڑا نقصان ہے اور ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔
وزیراطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے مرحومہ کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔