اسلام آباد (پی ایم این)اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت اپنے آلہ کاروں کے ذریعے بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے لیکن اس کے مذموم عزائم ہرگز کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گے۔
انہوں نے خضدار واقعے میں زخمی بچوں کی عیادت اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے بعدصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دلخراش خضدار بس واقعے میں قوم کے بچوںنے بڑی قربانی دی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ علاقے کی اصل صورتحال کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے قومی اور عالمی صحافیوں کے دورہ خضدار کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہرکیا کہ بھارت نے آپریشن بنیا ن مرصوص میں ذلت آمیز شکست کے بعد بچوں کے آسان ہدف کو نشانہ بنایا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں’ سیاستدان اور قومی ادارے بلوچستان میں امن بحال کرنے کے لئے مل کر کام کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے لئے سزا کو ہر صورت یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات اور ضروری قانون سازی کی جائے گی۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ یہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے جس سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر سے عالمی سطح پر اُجاگر ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے شہید اور زخمی بچوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔