اسلام آباد (پی ایم این)کور کمانڈرز کانفرنس نے پاکستان کی خود مختاری ، علاقائی سا لمیت کی بقا کے لئے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
فورم نے اس عزم کا اظہار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی سٹاف کی زیر صدارت آج (جمعرات ) کوراولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس میں کیا ۔
فورم نے پاکستان کے تزویراتی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویے کے ذریعے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا فورم نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں متحرک ہندوستانی حمایت یافتہ دہشت گرد پراکسیوں کی سرکوبی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ کیا ۔
شرکا کانفرنس نے نوٹ کیا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں کی جانے والی جارحیت کی ناکامی پر بھارت پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے خفیہ منصوبے پر عملد درآمد کر رہا ہے۔
فورم نے کہا کہ بھارت ایک جانب خود کو دہشت گردی کا شکار ظاہر کرتا ہے، جبکہ درحقیقت وہ خود دہشت گردی کا مرتکب اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے اور پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے پراکسیوں کا استعمال بھارت کا وطیرہ رہا ہے۔
فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کسی صورت بھی بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے اپنے امن پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
شرکا کانفرنس نے عزم ظاہر کیا کہ مسلح افواج، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے ساتھ، دہشت گرد پراکسیوں اور ان کے سہولت کاروں کا غیر متزلزل عزم کے ساتھ مقابلہ کریں گی اورانتشار اور خوف کی فضا پیدا کرنے کے لیے بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو قومی عزم اور مکمل استعداد کے ساتھ نیست و نابود کر دیا جائے گا۔
فورم نے خطے میں پائیدار امن کے لئے بین الاقوامی برادری کی فوری توجہ اور موثر مداخلت کی ضرورت پر زور دیا۔
فورم نے کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری منصفانہ جدوجہد اور ان کی مکمل سفارتی، سیاسی، اخلاقی اور انسانی حمایت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
کانفرنس کے آغازمیں آپریشن بنیان مرصوص اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گرد انہ حملے کے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ،یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، جس کے نتیجے میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ افراد شہید ہو ئے۔
فیلڈ مارشل نے تمام رینکس کے بلند حوصلے، اعلی آپریشنل تیاری ، غیر معمولی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور پاکستانی قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور حالیہ کامیابیوں کو اللہ تعالی کا فضل و کرم قرار دیا۔
آرمی چیف نے قوم کو درپیش سلامتی کے خطرات کے تناظر میں اعلی ترین آپریشنل تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے اندرونی استحکام کو یقینی بنانے اور قومی سرحدوں کو محفوظ بنانے میں پاک فوج کے کلیدی کردار پر اعتماد کا اظہار کیا اور اِس سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں۔فیلڈ مارشل نے پاکستان کے عوام کی غیر متزلزل حمایت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہم بیرونی جارحیت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جاری اپنی مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد اور امیدوں پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہیں۔