اسلام آباد (پی ایم این) وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو، سینیٹر محمد اورنگزیب سے آج (بدھ) نیدرلینڈز کی سفیر محترمہ ہینی ڈی فریس نے وزارتِ خزانہ، اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بات چیت کی۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال اور حکومتی اصلاحات کے ایجنڈے سے سفیر کو آگاہ کیا، خاص طور پر معیشت کے اہم شعبوں پر روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے پائیدار، پیداواری اور برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ معیشت کی ترقی کا اصل محرک ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ترقی اور صلاحیت بڑھانے کے مختلف منصوبوں میں نیدرلینڈز کی تکنیکی اور مالی مدد کو سراہا۔
سینیٹر اورنگزیب نے پاکستان میں ڈچ کمپنیوں کی دلچسپی اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور بہتر کاروباری ماحول فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
محترمہ ہینی ڈی فریس نے حکومت کی معاشی اصلاحات اور برآمدات پر مبنی پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے نیدرلینڈز کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔